بنگلورو،30؍دسمبر (ایس او نیوز) نئے سال کی آمد کے موقع پر31دسمبر صبح 6بجے سے یکم جنوری صبح 6بجے تک شہر بنگلورو میں امتناعی احکامات نافذ کئے جارہے ہیں۔اس دوران پورے بنگلورو میں نئے سال کی تقریبات کے سلسلہ میں منتخب علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت پر 31دسمبر ہی سے پابندی رہے گی۔شہر کے پولیس کمشنر کمل پنت نے یہ ہدایت جاری کی ہے۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلہ میں بھی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔اب 31دسمبر کی شام 8بجے تا یکم جنوری دوپہر2بجے شہر کے ایم جی روڈ، بریگیڈ روڈ، چرچ اسٹریٹ، میوزیم روڈ، ریسٹ ہاؤز پارک روڈ، ریسیڈنسی روڈ پر تمام اقسام کی گاڑیوں کے نقل و حرکت پر پابندی رہے گی۔31؍دسمبر شب10بجے سے دوسرے دن صبح 6بجے تک مڑیوال، الیکٹرانک سٹی، مائکو لے آؤٹ، ایرپورٹ، وائٹ فیلڈ، ایچ ایس آر لے آؤٹ، السور، کے آر پورم، پلکیشی نگر، بانسواڈی، آڈوگڈی، میسور رو، جئے نگر، ملیشورم، بنشنکری، کینگیری،یشونت پور، ہیبال اور پینیا علاقوں کو جانے والے فلائی اوورس پر سے گاڑیوں کی نقل وحرکت پر پابندی رہے گی۔اس طرح نئے سال کا جشن منانے پر بریک لگایاگیا ہے۔
سڑکوں پر نئے سال کا جشن منانے پر بھی پابندی ہے۔بنگلور کے مضافات میں بھی جشن پر پابندی ہے لیکن نجی جگہوں پر جشن منایا جاسکتا ہے۔ اس روز بار، پب، کلبوں کو بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈانس اور موسیقی کی اجازت نہیں۔ پولیس کمشنر نے احکامات جاری کئے ہیں۔